الوقت کی رپورٹ کے مطابق بشاراسد نے فرانس اور برطانیہ کے فضائی حملوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اور فرانس ، شام میں دہشت گردوں کی حمایت میں آگے آگے ہیں- بشار اسد نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ فرانس اور برطانیہ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کا حقیقی عزم موجود نہیں ہے تاکید کی کہ شام میں لندن اور پیرس کے فضائی حملے صرف اسی صورت میں قانونی ہو سکتے ہیں جب وہ شام کی حکومت کی ہماہنگی سے انجام پائیں-
برطانیہ، فرانس اور جرمنی ایسے عالم میں شام اور عراق میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں امریکی اتحاد کا حصہ بن گئے ہیں کہ یہ اتحاد دسمبر دوہزار چودہ میں تشکیل پانے کے بعد سے بنیادی طور پر ابہامات اور شکوک و شبہات میں مبتلا رہا ہے- شام اور عراق میں داعش کے خلاف امریکی اتحاد کی کارکردگی اس دہشت گرد گروہ کے کمزور ہونے اور آخرکار ختم ہونے میں مددگار ثابت نہیں ہوئی ہے۔
دہشت گردی کے خلاف عملی جد وجہد، شام کی موجودہ حکومت اور فوج کے تعاون سے ہی ممکن ہے- دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسد حکومت کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے تعاون نے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف جد و جہد کے حقیقی محاذ کو نمایاں کر دیا ہے اور یہ تعاون شام کے مختلف علاقوں میں داعش کا اثر و نفوذ کم ہونے کا باعث ہوا ہے۔