الوقت کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین آئندہ چند دنوں میں یہودی کالونیوں میں تیار ہونے والی اسرائیلی مصنوعات پر لیبل لگانا شروع کردے گی -
یورپی پارلیمنٹ نے گذشتہ ستمبر کے مہینے میں صیہونی کالونیوں میں تیار کی جانے والی مصنوعات پر خصوصی لیبل لگانے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ ان مصنوعات کی شناخت ہو سکے اور یورپی شہری اس کا بائیکاٹ کریں -
اس سلسلے میں یورپی پارلیمنٹ کے پانچ سو پچیس اراکین نے اس فیصلے کے حق میں اور ستر نے مخالفت میں ووٹ دیئے ہیں جبکہ اکتیس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا ۔
صیہونی حکومت کے خلاف بین الاقوامی پابندیوں کا دائرہ بڑھنے سے صیہونی حکام کے درمیان تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ان حالات میں ایسی رپورٹیں ملی ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ صیہونی حکومت نے ان بین الاقوامی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک نئی وزارت تشکیل دی ہے-
رائے عامہ کے دباؤ کے بعد صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف بڑھتا ہوا ردعمل اس بات کا عکاس ہے کہ اسے عالمی نفرت و غصے کا سامنا ہے اور عالمی برادری مختلف طریقوں سے اس پر اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کر رہی ہے اور اس طرح کی تبدیلی بین الاقوامی سطح پراس غاصب حکومت کی سیاسی تنہائی میں اضافے کو بیان کرتی ہے -