الوقت کی رپورٹ کے مطابق سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والے وزارت خارجہ کے پروٹوکول افسر احمد فہیما کی تدفین کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ایران کی وزارت خارجہ سانحہ منیٰ کی بدستور پیروی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت اور حج انتظامیہ نے سانحہ منیٰ کے حوالے سے ذمہ دارانہ برتاؤ نہیں کیا اور حاجیوں کی جان بچانے کے لئے مناسب اقدامات بھی نہیں کئے ۔
ایران کے وزیر خارجہ نے سانحہ منیٰ میں مختلف اسلامی ملکوں کے حجاج کرام کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی وزارت خارجہ سانحہ منیٰ کی تحقیقات کی غرض سے دیگراسلامی ملکوں کے ساتھ صلاح مشورہ کررہی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔
قابل ذکر ہے کہ چوبیس ستمبر کوعیدالضحی کے دن منیٰ میں پیش آنے والے المناک سانحے میں سات ہزارسے زائد حجاج کرام شہید ہوگئے تھے جن میں سیکڑوں ایرانی حجاج بھی شامل ہیں۔