الوقت کی رپورٹ کے مطابق شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پرروس کے حملوں میں شدت کے ساتھ ہی شام کی مسلح افوا ج کے سربراہ علی عبداللہ ایوب نے جمعرات کہا کہ شامی فوج نے دہشت گردوں کے قبضے سے مزیدعلاقوں کوآزاد کرانےکےلئےنیا آپریشن شروع کردیا ہے-
شامی فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر روس کے ہوائی حملوں سے دہشت گرد کمزور ہوئے ہیں اورشامی فوج کو اس سے کافی مدد مل رہی ہے ۔
واضح رہے کہ گذشتہ ستمبر سے دہشت گردوں کے خلاف ہم آہنگ طریقے سے روس کے ہوائی اور شام کے زمینی حملے جنوبی صوبے ادلب اورشمال مغربی صوبے حماہ میں شروع ہوئے ہیں اور اس عرصے میں حماہ کا ایک بڑا علاقہ دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا ہے - جمعرات کو بھی روس کے جنگی طیاروں نے حماہ کے مضافاتی علاقوں قرقوراورالشیخ سندیان میں دہشت گرد گروہ الفتح کے ٹھکانوں پربمباری کی ہے اسی طرح کا حملہ حماہ کے ہی علاقے جبل الزاویہ میں بھی الفتح کے ٹھکانوں پر کیا گیا ہے-