الوقت کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور اس کے نتیجے میں پاک فوج کے اہلکار کی شہادت پر شدید احتجاج کیا اور شہریوں کو نشانہ بنانے پر اپنی شدید تشویش سے بھی آگاہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو ایک احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا جس میں کہا گیا ہےکہ بھارت ایل او سی پر فائرنگ سے 2003 کے سیز فائر معاہدے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے لہٰذا سیز فائر معاہدے کا احترام کیاجائے۔
واضح رہے کہ پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے آج بھی بٹل سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جب کہ گزشتہ روز بھی فائرنگ کے واقعے میں پاکستانی فوج کا ایک اہلکارہلاک ہوا تھا۔