الوقت کی رپورٹ کے مطابق فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جشن اور محافل کا سلسلہ جاری ہے۔
یکم ذی القعدہ فرزند رسول، ساتویں امام حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی دختر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ کی ولادت با سعادت کا دن ہے۔
حضرت فاطمہ معصومہ (س) یکم ذی القعدہ سنہ ایک سو تہتر ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائیں۔ آپ کی آفاقی شخصیت، بے پناہ فضائل و کمالات کا مظھر تھی- آپ کی ولادت کی مناسبت سے ایران کے مقدس شہر قم میں واقع آپ کے روضہ اقدس میں بھی جشن کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں آپ کے متوالے اور شیدائی آپ (س) کی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
شہر قم میں دکانوں، امام بارگاہوں اور مسجدوں نیز مذہبی مقامات و مراکز میں چراغاں کیا گیا ہے جبکہ اہلبیت رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے شیدائی، جگہ جگہ لوگوں میں شربت اور مٹھائیاں تقسیم کر کے اپنی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کی ولادت کی مناسبت سے، مسجد جمکران، امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات پر محفل و قصیدہ خوانی کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں کثیر تعداد میں مکتب اہل بیت عصمت و طہارت کے پیروکار شریک ہیں۔