الوقت کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی ستائیسویں برسی اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی جس میں پاکستان ، بھارت اور ایران کی اہم شخصیات نے بڑے پیمانے پر شرکت کر کے آپ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر ڈاکٹر غلام علی حداد عادل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ پاکستان شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی علمی شخصیت اور ان کی خدمات کو سراہا۔ غلام علی حداد عادل نے شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی نمایاں خصوصیات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے قیام، حقیقی محمدی اسلام کو متعارف کرانے اور مسلمانوں کی بیداری میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر حداد عادل کا مزید کہنا تھا کہ علامہ عارف حسین الحسینی کی شہادت کے موقع پر بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) نے جو پیغام دیا تھا اس کا جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ ان کو علامہ عارف حسین الحسینی کی شہادت اور علامہ مرتضی مطہری کی شہادت کا ایک جیسا دکھ ہوا تھا۔
اس پروگرام میں ایران کی معروف سماجی اور سیاسی شخصیت ڈاکٹر عادل مزاری اور پاکستان کے معروف قانون دان امجد کاظمی ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کرتے ہوئے شہید عارف حسین الحسینی کی شخصیت پر روشنی ڈالی اور انھیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
تہران کے دارالحکومت میں منعقد ہونے والے برسی کے اس پروگرام میں برصغیر کی معروف ادبی شخصیت اور شاعر افتخار عارف اور پاکستان ہندوستان اور ایران سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور افراد نے بھرپور شرکت کی۔