الوقت کی رپورٹ کے مطابق مولائے کائنات شیر خدا حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام کے یوم شہادت پر پورا اسلامی جمہوریہ ایران، عراق، پاکستان ، لبنان، بحرین ،اور کئی دوسرے ممالک سیاہ پوش اور سوگوار و عزادار ہے اور تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلوسہائے عزا برآمد کئے جارہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں اکیسویں ماہ رمضان کی شب قدر کے اعمال بجا لائے گئے اور مولائے کائنات حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں عراق کے مقدس شہر نجف اشرف میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین مولائے کائنات کے حرم مطہر میں نوحہ و ماتم اور عزاداری میں مشغول ہیں۔
اکیس رمضان المبارک سنہ چالیس ہجری قمری کو مولائے متقیان حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام نماز صبح کے وقت شہید ہو گئے اس سے دو روز قبل مسجد کوفہ میں جس وقت آپ حالت نماز میں تھے ابن ملجم مرادی نے زہر میں بجھی ہوئی تلوار سے آپ کے فرق مبارک پر وار کیا جس سے آپ کا سر مبارک پارہ ہو گیا اور پھر آپ زخموں کی تاب نہ لا کر اکیس رمضان المبارک کی صبح شہید ہو گئے۔