الوقت- تہران میں فلسطین کے سفیر صلاح زواوی نے صیہونی حکومت کے مقابل عالم اسلام کی طرف سے ملت فلسطین کی حمایت پر تاکید کی ہےاور اس بات پر تاکید کی ہے عالم اسلام کے ہتھیاروں کا رخ اصل دشمن یعنی صیہونیوں کی طرف ہونا چاہئے
صلاح زواوی نے اسنا خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے ہتھیاروں کا رخ اصل دشمن یعنی صیہونیوں کی طرف ہونا چاہئے- انہوں نے عالم اسلام میں تکفیری افکار کے خاتمے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تکفیری گروہوں کی کارروائیوں سے عالم اسلام میں ایک خطرناک انحراف پیدا ہوگیا ہے اور دہشت گردانہ کارروائیاں عالم اسلام کی توجہ اصل مسئلے یعنی مسئلہ فلسطین کی طرف سے ہٹ جانے کا باعث بنی ہیں- انہوں نے کویت کی مسجد امام صادق(ع) میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ عالم اسلام میں رونما ہونے والے اس طرح کے واقعات میں صیہونیوں کا کردار ہے نیز اکثر تکفیری دہشت گرد گروہ بین الاقوامی صیہونزم سے وابستہ ہیں-صلاح زواوی نے امید ظاہر کی کہ رہبر انقلاب اسلامی ایک بار پھر اپنی عالمانہ قیادت اور بصیرت کے ساتھ عالم اسلام کو متحد کرنے میں اپنا کردار کریں گے۔