الوقت-کراچی میں جاری بدترین گرمی کی لہر کے دوران آج مزید پندرہافراد چل بسے جب کہ گزشتہ چار روز میں حبس اور لو لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں بدترین گرمی اور لو کی وجہ سے موت کا رقص جاری ہے اورآج مزید 15 افراد گرمی کی شدت کے باعث موت کی وادی میں پہنچ گئے ۔ اس وقت بھی ہیٹ اسٹروک اورڈائریا سے متاثرہ سیکڑوں متاثرہ مریض جناح، سول،عباسی اور لیاری اسپتال سمیت دیگر سرکاری ونجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ جناح اسپتال کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اسپتال میں موذی مریضوں کو داخل کرنے کی گنجائش نہیں اس لئے عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنے متاثرہ عزیزوں کو کسی دوسرے اسپتال لے جائیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی شدید گرم اور مرطوب رہے گا ۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ کراچی میں سخت ترین گرم موسم کی لہر جاری ہے، اس موسم میں بچوں اور ضیعف العمر افراد کو گھر سے باہر نہ نکلنے دیں کیونکہ دھوپ کی تپیش سے ہیٹ اسٹروک کے واقعات تواتر کے ساتھ رپورٹ ہورہے ہیں۔