الوقت کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزرائے خارجہ سید عباس عراقچی اور مجید تخت روانچی اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی شعبے کی نائب سربراہ ہیلگا اشمید کے درمیان ویانا کے کوبرگ ہوٹل میں بدھ کی شام مذاکرات ہوئے۔ ویانا میں اس موقع پر ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ماہرین کی سطح پر بھی اجلاس ہوا۔ ویانا جوہری مذاکرات میں گروپ پانچ جمع ایک کی نمائندگی یورپی یونین کے خارجہ امور کی نائب سربراہ ہیلگا اشمید کر رہی ہیں۔ یورپی یونین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گروپ پانچ جمع ایک کے پولیٹیکل ڈائریکٹرز بھی رواں ہفتے کے آخر تک ان مذاکرات میں شامل ہو جائیں گے- واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی شعبے کی نائب سربراہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے علاوہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ماہرین کی سطح پر بھی مذاکرات ہو رہے ہیں۔ویانا جوہری مذاکرات کا سلسلہ جمعے کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔