الوقت - شام میں سرگرم دہشت گردوں نے ایک بار پھر حلب میں عام شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے۔
شامی خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق دہشت گردوں نے شام کے شمالی شہر حلب کے حمدانيہ علاقے پر کیمیائی راکٹ فائر کیا ہے۔ اس حملے میں کم از کم 35 افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ کیمیائی حملے میں زخمی ہوئے کچھ لوگوں کی حالت نازک ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب امریکا اور سعودی عرب کی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے شام کے عام شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے۔
دوسری طرف موصولہ خبروں کے مطابق حمدانيہ اور مردان علاقوں پر ہوئے دہشت گردوں کے راکٹ حملوں میں ایک بچی سمیت دو افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔
دہشت گردوں نے جمعے کو مغربی حلب کے قریب کے علاقوں پر راکٹوں سے حملے کئے تھے جس میں 15 عام شہری جاں بحق اور 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ شام کے حلب شہر میں شامی فوج اور امریکا و سعودی عرب کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔
حلب شہر 2012 سے دو حصوں میں تقسیم ہے ۔ اس مشرقی علاقے میں دہشت گردوں نے قبضہ کر رکھا ہے جبکہ مغربی حصے پر شامی فوج کا کنٹرول ہے۔