الوقت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر وزرا کے بیانات کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نے بنگلا دیش میں اعتراف کیا کہ وہ پاکستان توڑنے کی سازش میں شریک تھے، ان کا بیان پاکستان سے اظہار نفرت ہے، جس سے بھارت کے عزائم واضح ہوگئے کہ وہ خطے میں امن نہیں چاہتا۔
اس سے قبل چیئرمین رضا ربانی کی سربراہی میں سینیٹ کے اجلاس کے دوران قائد ایوان راجا ظفر الحق نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر کرلیا، قراداد کے متن میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا بیان پاکستان کی سلامتی پرحملہ ہے ۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل نریندر مودی نے بنگلا دیش میں تقریب سے خطاب کے دوران اعتراف کیا تھا کہ سقوط ڈھاکا میں بھارتی فوجیوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔