الوقت - اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے دنیا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انٹونیو گٹیریس نے جنگوں اور دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سے نمٹنے کے لئے پوری دنیا کے ممالک کے درمیان اتحاد اور یکجہتی ضروری ہے۔
اقوام متحدہ میں عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلے دن اقوام متحدہ کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے انٹونیو گٹیریس نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہمیں اس بات میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئے کہ ہم کو متعدد چيلنز کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہم دیکھ رہے ہیں کہ پوری دنیا میں جنگ و جدال میں اضافہ ہو رہا ہے جو ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔ نئے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قوانین کا احترام نہیں کیا جا رہا ہے اور وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔
انٹونیو گٹیریس نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ کی حیثیت سے ان کے انتخاب نے کافی امیدیں پیدا کر دی ہیں لیکن انہوں نے خبردار کیا ہے کہ میں کوئی معجزہ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ میں معجزہ کرنے والا کوئی شخص نہیں ہوں۔ انٹونیو گٹیریس کے مطابق اہداف کی حصولی کا واحد راستہ یہ ہے ہم ایک ٹیم کے طور پر ساتھ کام کریں اور اقوام متحدہ کے چارٹر میں موجود عظیم خدمات کے قابل بنیں۔