الوقت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کےوزیراعظم نوازشریف نے پولیس کا مورال بلند کرنے پر تاکید کرتے ہوئے سندھ حکومت کو سکیورٹی اقدامات بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
کراچی شہر میں پولیس آفیسروں کے قتل کی وارداتیں زور پکڑتی جارہی ہیں اور کل کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں فائرنگ سے ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی اور ان کا محافظ شعیب جاں بحق ہوگیا۔
ایس ایس پی کورنگی جنید شیخ کے مطابق ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کو 6 گولیاں لگیں جب کہ ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ مقتول پولیس افسر کےدوست کے مطابق انہیں قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔ پولیس کے مطابق ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی سندھ ہائی کورٹ کے سیکیورٹی انچارج اورشاہ فیصل کالونی کے رہائشی تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے جب کہ گورنر سندھ نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی شہر میں کل دھشتگردوں نے پاپوش میں ہومیو ڈاکٹر علی عابدی کو بھی نشانہ بنایا جب کہ گزشتہ ہفتے ڈی ایس پی عبدالفتح سانگری کو بھی دہشت گردوں نے فائرنگ کا نشانہ بنایاتھا۔
مجلس وحدت مسلمین نے کراچی میں شیعہ پولیس آفیسروں اور ڈاکٹروں کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے دھشتگردوں کے خلاف کارروائی کرنے اور شیعوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔