الوقت - یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے کہا ہے کہ یورپی یونین امریکا کے داخلی امور میں مداخلت نہیں کرتا اور اسے توقع ہے کہ امریکا بھی اس کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق، یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریكا موگرینی نے جمعے کو واشنگٹن میں کچھ امریکی حکام سے ملاقات کے بعد برطانوی وزیر اعظم تھیرزا مے کے حالیہ دورہ امریکا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ لندن کم از کم اگلے دو سال تک یورپی یونین کا رکن رہے گا اور اسے کسی تیسرے ملک کے ساتھ دو طرفہ تجارتی سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
امریکا کے متنازعہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں وائٹ ہاؤس میں برطانیہ کی وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں یورپی یونین سے لندن کے نکلنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بریگزیٹ برطانوی شہریوں پر شاندار اثرات مرتب کرے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ یورپی یونین سے برطانیہ کے نکلنے سے لندن تجارتی معاہدے کر سکتا ہے اور اس معاہدے پر نگرانی کرنے والا بھی کوئی نہیں ہو گا۔
موگرینی نے اسی طرح اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکا سمیت تمام فریق کو ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے جوہری معاہدے پر پابندی رہنا چاہئے، کہا کہ واشنگٹن نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جےسی پی او اے کے نفاذ پر مکمل طور پر پابند رہے گا۔