الوقت - روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے روس پر عائد کی گئی نئی پابندیوں کی وجہ سے 96 روسی شہری امریکا چھوڑنے پر مجبور ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روسی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن کی پابندیوں کے بعد، روس کے 35 سفارتکار جنہیں امریکا نے ملک بدر کرنے کا حکم دیا ہے، اپنے اہل خانہ کے ساتھ امریکا چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ ان سفارتکاروں اور ان کے اہل خانہ کی تعداد مجموعی طور پر 96 ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے تاکید کہ ماسکو کی جانب سے سائبر حملوں کے الزام میں روس کے 35 سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کے امریکی صدر کے فیصلے نے خاندانوں کو بھی متاثر کیا ہے اور جلد کی روس کے 96 شہری، امریکا چھوڑ دیں گے ۔
اسپوتنک خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ زاخارووا نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ان لوگوں میں چھوٹی کلاس کے بچے بھی شامل ہیں، کہا کہ امریکا ان سفارتکاروں کو نکال رہا ہے جن کو امریکا گئے ہوئے صرف دو مہینہ ہی ہوا ہے۔ جمعرات کو امریکی انتخابات میں مداخلت کرنے کے الزام میں اوباما انتظامیہ نے روس کے 35 سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
امریکا نے جمعرات کو 35 سفارتکاروں کو 72 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی روس کی دو خفیہ ایجنسیوں جی آر یو اور ایف ایس بی پر بھی پابندی عائد کر دی تھی۔