الوقت - شام کی فوج ملک کے مرکزی صوبے حمص کے مزید اسٹرٹیجک علاقوں کو داعش کے دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شام کی فوج نے حمص شہر کے مضافاتی علاقوں اور قبہ ٹیلوں کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کر دیا اور ان علاقوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ فوجی ذرائع کے مطابق فوج کی اس کارروائی میں داعش کے 40 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
شام کی فوج نے اسی طرح حمص شہر سے 75 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع جب الجراح علاقے میں داعش کے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔
اس رپورٹ کے مطابق اس کارروائی میں داعش کا ایک سرغنہ ابو بکر الحلفايا اپنے 20 ساتھیوں کے ساتھ مارا گیا۔ فوج کی اس کارروائی میں دہشت گردوں کے کئی فوجی آلات اور ساز و سامان تباہ ہوئے ہیں۔
شام کی فوج نے اسی طرح شمالی حمص کے مضافاتی علاقے کے عزالدين گاؤں کے شمال میں النصرہ فرنٹ اور احرارالشام نامی دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں دسیوں دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ اس کارروائی میں دہشت گردوں کے کئی فوجی آلات اور ان کی گاڑیاں تباہ ہوئی ہیں۔
داعش کے دہشت گردوں نے اسی طرح صوبہ حمص کے جنوب مشرقی علاقے میں واقع ٹی فور ایئربیس پر حملہ کیا جسے بروقت فوج نے ناکام بنا دیا۔
اس رپورٹ کی بنیاد پر دیرالزور کے فوجی ہوائی اڈے کے قریب، البغليہ گاؤں اور جبيليہ، موظفین اورحمیدیہ محلوں میں فوج اور داعش کے دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔