الوقت - عراق کی رضاکار فورس اور النجباء اسلامی مزاحمتی تحریک کے سکریٹری جنرل اکرم الکعبی کا کہنا ہے کہ جن واقعات کا ہم نے مشاہدہ کیا ان میں صیہونی حکومت کی سازشوں کا پتا چلتا ہے اور داعش کے منصوبوں میں امریکی مفاد ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے علماء اسلام کی عالمی یونین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں براہ راست مسئلہ عراق پر گفتگو کرنا چاہتا ہوں۔ عراق میں ہمارا یہ خیال ہے کہ علاقے میں تمام شرارتوں اور شیطنت کا سرچشمہ امریکا اور صیہونی حکومت ہے۔ جن واقعات کا ہم نے مشاہدہ کیا ان میں صیہونی حکومت کی سازشیں ثابت ہوتی ہیں۔ ایران اور حزب اللہ نے اس حوالے سے ہمیشہ سے شرافت مندانہ موقف اختیار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وقت میں عراق کے زیادہ تر شہر آزاد ہو چکے ہیں۔ بغداد کی سیکورٹی بلیٹ بھی تشکیل پا گئی ہے۔ حالات ہماری کامیابی اور فتح کی جانب گامزن ہیں اور ہمیں امید ہے کہ 2016 کے اختتام تک موصل بھی انشاء اللہ آزاد ہو جائے گا۔
تحریک النجباء کے سکریٹری جنرل اکرم الکعبی نے کہا کہ امریکا اور ترکی، تکفیریوں سے جد جہد کے راستے میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ در حقیقت امریکی مفاد، داعش کے منصوبوں میں پوشیدہ ہے۔ ملت عراق نے اپنی مزاحمت ثابت کر دی اور رضاکار فورس الحشد الشعبی نے بھی اس حوالے سے بہت زیادہ مدد کی۔ یہ حالات امریکا کی شکست کا باعث بنے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ ایران ہمیشہ سے ہمارے ساتھ رہا۔
واضح رہے کہ تہران میں منعقد ہونے والی وحدت اسلامی کانفرنس کے موقع پر مزاحمت کے موضوع پر بھی ایک کانفرنس منعقد ہوئی جس میں اسلامی ممالک کے 300 سے زائد مفکرین اور دانشوروں نے شرکت کی۔