الوقت - چین کی بحریہ نے جنوبی چین کے سمندر میں امریکا کی ایک ڈرون آبدوز کو ضبط کر لیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے تصدیق کر دی ہے کہ چین نے مذکورہ ڈرون آبدوزکو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ امریکی حکام کا دعوی ہے کہ ڈرون آبدوز کو سوبک کی خلیج سے 50 میل کے فاصلے پر بین الاقوامی آبی سرحد میں ضبط کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ ڈرون آبدوز امریکی بحریہ کی ہے۔ امریکی حکام کا دعوی ہے کہ ڈرون آبدوز کا استعمال درجہ حرارت کا اندازہ کرنے میں کیا جا رہا تھا تاکہ سمندر کے اندر موجود چینلز کا اندازہ کیا جا سکے۔
امریکی حکام کے مطابق اس ڈرون آبدوز کو 15 دسمبر کو فلپائن کے ساحلی علاقے کے قریب سے چین کے جنگی جہاز نے ضبط کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، امریکی سروے شپ يوایس این ایس بوڈچ کی جانب سے اسے واپس لینے سے قبل چین کی بحریہ نے ضبط کر لیا۔
حکام نے بتایا کہ ڈرون آبدوز جنوبی چین کے سمندر کے بین الاقوامی علاقے میں فوجی سروے مہم پر تھی۔ امریکی حکام کا دعوی ہے کہ مقررہ قانون کے دائرے میں رہ کر اسے تعینات کیا گیا تھا۔ ڈرون پر انگریزی زبان میں لکھا ہوا تھا کہ یہ امریکی ملکیت ہے، اسے پانی سے نہ نکالیں ۔