الوقت - شام کے صدر نے کہا ہے کہ دمشق اور حمص میں شکست کے بعد اب حلب میں دہشت گردوں کی آخری امید ہے اور حلب کی مکمل آزادی، شام کی جنگ کا نقشہ بدل دے گی۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق شام کے صدر بشار اسد نے روزنامہ الوطن سے انٹرویو میں اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شام کے تمام علاقوں کو آزاد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حلب بھی انہیں علاقوں میں شامل ہے اور اسے پوری طرح سے آزاد کراکے ہی دم لیں گے۔
شام کے صدر نے کہا کہ حلب کی آزادی کے بعد دہشت گردوں کے ہاتھ میں کچھ نہیں بچے گا اور اس شہر کی آزادی کا مطلب، مغرب اور ان کے علاقائی اتحادیوں کی سازش کی ناکامی ہے۔
بشار اسد نے کہا کہ ترکی نے مغرب کے ساتھ مل کر حلب میں اپنی پوری طاقت لگا دی اور ترکی کے صدر نے اس شہر کی آزادی کو روکنے کی پوری کوشش کی۔
شام کے صدر نے کہا کہ ان کی حکومت ان تمام مخالفین سے مذاکرات کے لئے آمادہ ہے جنہوں نے دہشت گردوں کے ساتھ تعاون نہیں کیا اور کسی دوسرے ملک پر منحصر نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ شام کی فوج نے مشرقی حلب پر قبضہ کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف نومبر میں آپریشن شروع کیا تھا۔
حالیہ دنوں میں شامی فوج کو حلب میں غیر معمولی طور پر کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔