الوقت - ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ علاقے میں مغرب بالخصوص امریکا کے تسلط کا زمانہ گزر چکا ہے۔
محمد جواد ظریف نے منگل کے روز بیجنگ یونیورسٹی کے طلباء کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوویت یونین کا شیرازہ بکھرنے کے بعد مغرب میں یہ غلط تاثرات پیدا ہوگئے تھے کہ یہ مغرب کی ایک فتح ہے اور اسی تناظر میں امریکہ نے خود کو دنیا کی واحد طاقت کے مرکز کے طور پر پیش کیا۔
جواد ظریف نے کہا کہ امریکا نے اس سلسلے میں عراق اور افغانستان جیسے ممالک پر غاصبانہ قبضہ کیا اور دنیا میں طاقت کی یہ بنیاد رکھی لیکن اس غلط نظریے سے برآمد تسلط پسندی کا وقت ختم ہو گیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ دنيا والوں کے سامنے بہت سے چیلنجز ہیں جس میں ماحولیات سے لے کر دہشت گردی اور انتہا پسندی سب ہی شامل ہیں اور ایک اہم قوت او طاقت کے طور پر چین نے اس دوران سرگرم کردار ادا کیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ثقافتی اور یونیورسٹی کے پروگرامز انتہا پسندی سے مقابلے کا بہترین راستہ ہو سکتے ہیں کیونکہ فوجی راستوں سے انتہا پسندی سے نمٹا نہیں جا سکتا۔
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے اسی طرح سیاسی روش اور مذاکرات کے ذریعے بحران شام کے حل پر زور دیا اور کہا کہ چین، دنیا کی طاقت بننے کی کوشش میں نہیں ہے بلکہ شام سمیت دنیا کے مسائل میں مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔