الوقت - حلب میں دہشت گردوں کے خلاف فوج کی مسلسل کامیابیوں کا سلسلہ جاری اور فوج پورے حلب پر قبضے کے لئے بڑے آپریشن کا آغاز کرنے والی ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق، شام کی فوج اور اس کے اتحادیوں نے الحلوانیہ کے "السکن الشباب" نامی علاقے کو دہشت گردوں کو چنگل سے آزاد کرا لیا ہے۔
فوج اور عوامی رضاکار فورس نے عوام کے جانوں کی حفاظت کرتے ہوئے حلب کے مشرقی علاقوں کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنا شروع کر دیا ہے۔
حلب کے مشرقی علاقوں میں فوج کے وسیع آپریشن کے آغاز کے مد نظر ہزاروں کی تعداد میں عام شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد اور ضرورت کی اشیاء بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ دہشت گردوں کے زیر کنٹرول علاقے سے فرار ہونے والوں میں زیادہ ترخواتین اور بچے شامل ہیں۔
دوسری جانب شام کی فوج نے ایک بیان جاری کرکے حلب کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
شام کی مسلح افواج کی آپریشنل کمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حلب کے مشرقی علاقوں کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرانے کا وقت قریب آ گیا ہے۔ فوج کے بیان میں آیا ہے کہ شامی فوج اور اس کے اتحادی، حلب کے مشرقی علاقوں کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرانے کے اپنے عزم پر قائم ہیں اور ان کا عزم متاثر نہیں ہو گا۔
فوج کے بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ دہشت گردوں کو مدد پہنچائے جانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی اور اس قسم کے کسی بھی اقدام کا سختی سے جواب دیا جائے گا۔
شامی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ مجرموں، دہشت گردوں، ان کے حامیوں اور صیہونیوں کا کوئی خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا اور حلب کے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہرگز چھوڑا نہیں جا سکتا۔