الوقت - شام کے دارالحکومت دمشق میں دہشت گردانہ حملوں میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے ۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، دہشت گردوں نے اتوار کو دمشق کے شمال مشرقی علاقے تشرين کے فوجی ہسپتال پر میزائل حملہ کیا جس میں ایک شخص جاں بحق اور 13 دیگر زخمی ہو گئے۔
لندن میں واقع شام کے نام نہاد انسانی حقوق مرکز نے بھی کہا ہے کہ تقریبا حالیہ ایک ہفتے کے دوران حلب شہر میں فوج کے کنٹرول والے علاقوں پر دہشت گردوں کے حملوں میں 74 عام افراد جاں بحق ہو گئے۔
مرکز کا کہنا ہے کہ ان میں 25 بچے بھی شامل ہیں جبکہ ان حملوں میں دسیوں عام شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اسی طرح شامی فوج کے جنگی طیاروں نے حلب کے نواحی مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں کئی دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔
شامی فوج کے جنگی طیاروں نے اسی طرح مغربی شام کے صوبہ حماۃ پر بھی بمباری کی۔ اس حملے میں بھی درجنوں دہشت گردوں کے مارے جانے اور زخمی ہونے کی اطلاع ہے جبکہ ان کے کئی فوجی ساز و سامان بھی تباہ ہوئے ہیں۔