الوقت - پورے پاکستان میں عاشورا کے جلوسوں اور مجالس عزاء کے مد نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے سول آرمڈ فورسز اور فوج کے جوانوں نے سیکیورٹی کے انتظامات سنبھال رکھے ہیں۔
پاکستان کے چاروں صوبوں، کشمیر اور گلگت بلتستان میں عاشورا کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام حساس اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔ کراچی سمیت پورے سندھ، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی اور فیصل آباد میں پہلے ہی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔ پنجاب کے 10 اضلاع لاہور، راولپنڈی، ملتان فیصل آباد، گجرانوالہ، جھنگ، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ کراچی کے علاوہ حیدر آباد، شکار پور، خیر پور، سکھر اور جیکب آباد کو بھی انتہائی حساس اضلاع قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے پانچ اضلاع پشاور، ہنگو، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ملک کے بھر کے حساس اضلاع میں فوج، نیم فوجی دستے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔