الوقت - ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے علاقے میں تمام تکفیری و انتہا پسند گروہوں سے نمٹنے پر تاکید کی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، پیر کو تہران میں افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی سے ملاقات میں علاقے میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور دہشت گردی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے جواد ظریف نے دہشت گردی سے جدوجہد پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ تہران کا خیال ہے کہ دہشت گردی کو اچھے اور برے میں تقسیم نہیں کیا جا سکتا بلکہ تمام تکفیری اور شدت پسند گروہوں سے مقابلہ کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی نظر میں افغانستان کی خاص اہمیت ہے اور جیسا کہ تمام افغان حکام سے ملاقات میں یہ کہا جا چکا ہے کہ افغانستان کی سیکورٹی، استحکام اور ترقی، ایران کی سیکورٹی، استحکام اور ترقی کے مترادف ہے۔
افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے اس ملاقات میں افغانستان کے مختلف وفود کے کے ایران دوروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورے اس بات کی علامت ہیں کہ ایران، افغانستان کی حکومت اور قوم کے لئے کتنی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے ایران میں افغان بچوں کی تعلیم کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی خصوصی ہدایات کا شکریہ ادا کیا۔افغان وزیر خارجہ نے اپنے ملک کی ترقی میں ایران کی چابهار بندرگاہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ بندرگاہ، افغانستان کی ترقی اور پیشرفت میں اہم کردار ادا کرے گی۔