الوقت - یمن کی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ تمام محاذوں پر فوج اور رضاکار فورس مکمل طور پر آمادہ ہیں۔
المسيرہ ٹی وی چینل کے مطابق، یمن کی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے جمعے کو میدان جنگ میں لڑنے والے كمانڈروں سے ملاقات میں کہا کہ کویت میں امن مذاکرات صحیح راستے پر نہیں بڑھ رہے ہیں لہذا یمنی فوج اور رضاکار فورس کو تمام محاذوں پر مکمل طور پر آمادہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ یمن امن مذاکرات میں شرط عائد کرنے سے سے مشکلات حل نہیں ہوگی بلکہ فریق مقابل کو مذاکرات سے مطمئن کر کے ہی یمن کی مشکل کو حل کیا جا سکتا ہے اور اسی طرح جو لوگ یمنی قوم کے خلاف لڑ رہے ہیں انہیں ہتھیاروں کی سپلائی ناقابل قبول ہے۔
دوسری جانب یمن کے بندرگاہي شہر عدن میں ہفتے کو نامعلوم مسلح افراد نے ایک مذہبی رہنما کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ مقامی ذرائع نے کہا کہ حملہ آور کے ہاتھ میں سائلنسر لگا ہتھیار تھا جس سے اس نے عدن کی الرحمن مسجد کے امام شیخ عبدالرحمن الزہری پر اس وقت حملہ کیا جب وہ نماز صبح پڑھا کر جا رہے تھے ۔
هنا عدن نیوز ویب سائٹ کے مطابق، شیخ الزہری کو قریب کے اسپتال لے جایا گيا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
دوسری طرف دارالحکومت صنعا میں ظہر کی نماز کے بعد ایک مسجد کے باہر دستی بم پھٹے۔ گرینیڈ اس وقت پھٹا جب لوگ نماز پڑھ کر مسجد سے جا رہے تھے۔
اس دھماکے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور نہ ہی رپورٹ ملنے تک کسی شخص یا گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ یہ دھماکہ مغربی صنعا کی بلال مسجد کے قریب پارک میں کھڑی گاڑی کے نیچے ہوا۔