الوقت - سعودی عرب نے دہشت گرد گروہ داعش کی مالی امداد کا اعتراف کیا ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق، سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ترجمان منصور الترکی نے کہا ہے کہ فلوجہ کی آزادی کے آپریشن میں عراقی رضاکار فورس کی شرکت کی صورت میں داعش کے لئے سعودی عرب کی مدد کے دروازے کھل جائیں گے۔ عراق کی وزارت خارجہ کے ایک ذریعے نے المیادین ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی عرب سے اس حوالے سے تفصیل کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی جانب سے داعش کے لئے امداد جمع کرنے کے بارے دیئےبیان پر تفصیلات کا انتظار کر رہے ہیں۔ عراقی وزارت خارجہ کے ذریعے نے اپنا نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ سعودی عرب میں داعش کے مالی امداد کا جمع ہونا، سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
سعودی عرب سمیت عراق کے دشمنوں نے اس ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کے لئے عراق کی رضاکار فورس کے خلاف پروپیگینڈے شروع کر رکھے ہیں۔ سعودی عرب سے وابستہ میڈیا، فلوجہ کی آزادی کے لئے فوج کی کارروائی کو شیعہ - سنی جنگ کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ عوام کے مذہبی جذبات کو بھڑکا سکیں۔