الوقت - جمعرات کو گجرات کے گلبرگ سوسائٹی قتل عام پر اسپیشل کورٹ کا فیصلہ آیا جس میں 24 لوگ مجرم قرار دیئے گیا جبکہ اس معاملے میں 36 لوگوں کو بری کر دیا گیا ہے۔
فروری 2002 میں گودھرا سانحہ کے بعد گلبرگ قتل عام میں کانگریس کے سابق ممبر پارلیمنٹ احسان جعفری سمیت 69 افراد کو قتل کر دیا گيا تھا۔ ۔ سپریم کورٹ کی نگرانی میں بنی ایس آئی ٹی نے گلبرگ سوسائٹی کیس میں 66 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار لوگوں میں 9 بیل پر ہیں جبکہ باقی 14 برسوں سے جیل میں ہیں۔ 4 کی موت ہو گئی ہے۔
اس قتل عام میں 28 فروری 2002 کو 39 افراد کی لاشیں گلبرگ سوسائٹی میں ملی تھیں، باقی 30 لوگوں کی لاشیں نہ ملنے پر 7 سال بعد انہیں مردہ مان لیا گیا۔
گلبرگ سوسائٹی کیس میں عدالت کے فیصلے پر فسادات کی متاثرہ ذکیہ جعفری نے عدم اطمینان ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نصف انصاف ہے جسے ملنے میں بھی 14 سال لگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پورا انصاف نہیں ملا، یہ نصف انصاف ہے ، 14 سال بعد فیصلہ آیا ہے، ابھی 15 سال مزید لگیں گے لیکن یہ جنگ جاری رہے گی۔ ذکیہ نے کہا کہ وہ اس فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں اور یقینی طور پر عدالت عالیہ میں اس کے خلاف اپیل کریں گی۔