الوقت - عراقی فضائیہ کی جانب سے ملک کے مغربی علاقوں میں کئے گئے حملے میں داعش کے دسیوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سومريہ نیوز کے مطابق عراقی فوج کے میڈیا سیل نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ ایئر فورس کے جنگی طیاروں نے فلوجہ میں داعش کے ٹھکانوں پر شدید حملے کئے جن میں اس دہشت گرد گروہ کے ایک سرغنہ سمیت دسیوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ عراقی وزارت دفاع نے ایک الگ بیان میں کہا ہے کہ تین دن سے جاری مہم میں عراقی فوج نے فلوجہ كے قریبی 19 علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ عراقی فوج اور رضاکار فورس نے 23 مئی سے فلوجہ کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے کی مہم چلا رکھی ہے۔
در ایں اثنا عراق کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ رضاکار فورس عراقی حکومت کا ہی ایک حصہ ہے اور اس پر لگایا گیا کوئی بھی الزام درست نہیں ہے۔ حیدر العبادي نے عراق میں اسلامی ممالک کے سفیروں سے ملاقات میں کہا کہ عراق کے رضاکار فورس کے جوانوں کے بارے میں فرقہ واریت سے متعلق جو بھی الزام لگائے جا رہے ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فورس عراق کی حکومت اور فوج کی نگرانی میں کام کر رہی ہے اور حکومت ہی اس کے اخراجات برداشت کرتی ہے۔ حیدر العبادی نے کہا کہ دہشت گردی صرف عراق کے لئے خطرہ نہیں ہے بلکہ یہ دنیا کے تمام ممالک کے لیے خطرناک ہے اور اس نے سچے اسلام کو بھی بدنام کر رکھا ہے۔