الوقت- چودہ مئی ، فلسطین پر صیہونیوں کے ناجائز قبضے اور صیہونی حکومت کی غیر قانونی تشکیل کا دن ہے جسے عالم اسلام میں یوم النکبہ یا روز المیہ کہا جاتا ہے ۔
اس دن دسیوں ہزار فلسطینی شہید اور آٹھ لاکھ سے زائد بے گھر ہوئے اور یہ سلسلہ آج تک جاری ہے ۔ اڑسٹھ سال قبل چودہ مئی سن انیس سو اڑتالیس میں ، فلسطین سے آخری برطانوی فوجی کے نکلنے کے کچھ ہی منٹ بعد ، صیہونی حکومت نے ، تل ابیب میں اپنی تشکیل کا اعلان کر دیا اور اس کے فورا بعد ، دوسری جنگ عظیم کے فاتحین نے اسے باضابطہ طور پر تسلیم بھی کر لیا ۔ صیہونی حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی ایک پوری قوم آوارہ وطن ہو گئی ۔ سن انیس سو پینتالیس اور انچاس میں ہونے والی جنگوں میں بڑی تعداد میں فلسطینی بے گھر تو ہوئے ہی اس کے ساتھ ہی مصر ، لبنان ، شام ، عراق اور اردن صیہونی حکومت کے ساتھ جنگ کے دلدل میں پھنس گئے ۔
سن انیس سو چھپن میں صیہونی حکومت نے فرانس اور برطانیہ کی مدد سے مصر کے خلاف جنگ شروع کی اور سن انیس سو سڑسٹھ میں صیہونی حکومت نے ، لبنان ، شام ، اردن اور مصر پر حملہ کیا اور غرب اردن ، غزہ ، شام کی جولان کی پہاڑیوں اور لبنان کے شبعا فارمز پر قبضہ کر لیا ۔ سن انیس سو تہتر میں مصر اور شام اپنے مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرانے کے لئے صیہونی حکومت پر حملہ کیا مگر کوئي کامیابی حاصل نہیں ہوئی ۔ سن انیس سو بیاسی میں صیہونی حکومت نے لبنان پر حملہ کرکے ، دارالحکومت بیروت پر قبضہ کر لیا ۔ سن انیس سو اکیاسی میں صیہونی فوج کے آٹھ جنگي طیاروں نے عراق کے ایٹمی بجلی گھر پر حملہ کرکے اسے تباہ کر دیا ۔
سن انیس سو اٹھاسی میں صیہونی کمانڈوز نے ٹیونیشیا پر حملہ کرکے پی ایل او کے دوسرے سب سے بڑے رہنما خلیل الوزير کو قتل کر دیا ۔ سن دو ہزار چھے میں لبنان پر پھر وسیع حملہ کیا جو تینتیس دنوں تک جاری رہے ، سن دو ہزار آٹھ میں ہی غزہ پٹی پر بائیس دنوں تک حملے کئے ۔ دو ہزار بارہ میں آٹھ دنوں تک غزہ پر وحشیانہ حملے کئے اور سن دو ہزار چودہ میں پندرہ دنوں تک غزہ پر شدید بمباری کی ۔ علاقے میں صیہونی حکومت کی تشکیل سے لے کر اب تک یہ غیر قانونی حکومت ہمیشہ سے ہی پورے علاقے میں کشیدگی اور جنگوں اور بد امنی کا باعث رہی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا میں حریت پسند اور فلسطینی ، چودہ مئی کو مظاہرے کرتے اور صیہونیوں کے جرائم کی مذمت کرتے ہيں ۔
اس سال غرب اردن ، بیت المقدس سمیت فلسطین کے مختلف علاقوں میں دسیوں ہزار فلسطینی نوجوانوں نے واپسی کے حق کے نعرے کے ساتھ مظاہرے کئے ۔ سب سے بڑا مظاہرہ مقبوضہ فلسطین کے صحرائے نقب میں ہوا جہاں فلسطین کے مختلف علاقوں سے دسیوں ہزار فلسطینی ، پیدل پہنچے تھے ۔ آج فلسطینی ایسے حالات میں یوم النکبہ منا رہے ہیں جب ان پر مظالم اور عالمی برادری کی ان مظالم پر خاموشی اور اسلامی حکام کی نا اہلی بدستور جاری ہے ۔