الوقت - کابل کی نئی پارلیمانی عمارت پر راکٹ سے حملے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
ابھی تک یہ اطلاع نہیں ہو سکی ہے کہ اس واقعے میں کتنا جانی نقصان ہوا ہے۔ ہندوستان نے اس پارلیمنٹ کی عمارت کی تعمیر کی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ دسمبرکے مہینے میں ہی ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اس پارلیمنٹ کی عمارت کا افتتاح کیا تھا۔ انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ کچھ لوگوں کو بھارت اور افغانستان کی دوستی اچھی نہيں لگ رہی ہے۔ انہوں نے ترقی کے لئے دہشت گردی کے خاتمے کو ضروری قرار دیا تھا۔ انہوں نے ہندوستان کو افغانستان کا اہم شریک قرار دیا تھا۔
جنگ زدہ افغانستان میں ہندوستان کی دوستی کی علامت کی حیثیت سے بنی اس پارلیمنٹ کی عمارت کا کام 2007 میں شروع ہوا تھا اور گزشتہ سال دسمبر میں اسے ملک کے لئے وقف کیا گیا۔ اس عمارت کو ہندوستان کی جانب سے افغانستان کو جمہوریت کا علامتی ہدیہ قرار دیا گیا۔
اس عمارت کی تعمیر پر 4 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا خرچ آنا تھا لیکن بعد میں یہ بڑھ کر 9 کروڑ ڈالر ہو گیا تھا۔ اس عمارت کی ڈیزائن مغل اور جدید فن تعمیر پر مبنی ہے۔ اس کا گنبد ایشیا کا سب سے بڑا گنبد کہا جاتا ہے۔