~~الوقت کی رپورٹ کے مطابق شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے ان دونوں قصبوں کا محاصرہ ختم کرانے کے لئے دو طرف سے آپریشن شروع کیا اور سرانجام دہشت گردوں کو شکست دے کر بدھ کی شام کو مکمل طور پر ان دونوں قصبوں کے عوام کو دہشت گردوں کے ظالمانہ محاصرے سے نجات دلائی۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ نبل اور الزہرا کا محاصرہ ختم کرانے کے بعد فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دستے مذکورہ قصبوں میں داخل ہوئے تو عوام نے ان کا والہانہ استقبال کیا ۔
نبل اور الزہرا کے عوام نے ساڑھے چار سال کے محاصرے کے دوران سختیاں برداشت کیں ، بھوک اور پیاس کا سامنا کیا دواؤں اور کھانے پینے کی اشیا کے فقدان کے نتیجے میں اپنے پیاروں کو موت کی آغوش میں جاتے دیکھا لیکن دہشت گردوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ڈٹے رہے اور انہیں قصبوں کے اندر داخل نہیں ہونے دیا۔
شام کی مسلح افواج کی ہائی کمان نے بدھ کی رات ایک بیان جاری کرکے فوج اور عوامی رضاکار دستوں کی اس عظیم فتح کا اعلان کیا۔ شام کی مسلح افواج کے ہائی کمان نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ یہ عظیم کامیابی حلب کے شمال میں دہشت گردوں کی مکمل سرکوبی کا پیش خیمہ ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں قصبوں کو دہشت گردوں کے محاصرے سے آزاد کرانے سے پہلے حلب کے شمالی مضافات میں بہت سے شہری علاقوں اور دیہی بستیوں کو آزاد کرایا گیا۔ شام کی مسلح افواج کی ہائی کمان نے بتایا ہے کہ نبل اور الزہرا کا محاصرہ ختم کرانے کے آپریشن میں بہت سے تکفیری دہشت گرد ہلاک کئے گئے۔
شامی فوج کے مطابق یہ بہت بڑی کامیابی ہے جس کے نتیجے میں حلب اور اس کے شمالی مضافات میں موجود دہشت گردوں تک ترکی کی سرحد سے مدد اور کمک پہنچنے کا راستہ بند ہوگیا ہے۔