الوقت کی رپورٹ کے مطابق ترجمان دفترخارجہ قاضی خلیل اللہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اورفوج کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کل سعودی عرب اورایران کے دورے پر روانہ ہوں گے جہاں ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی دورے پرجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کوسعودی عرب اورایران کے درمیان کشیدگی پر شدید تشویش ہے، وزیراعظم نواز شریف سعودی عرب اور ایران میں اختلافات کا پرامن حل چاہتے ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کے رکن ممالک میں برادرانہ تعلقات چاہتا ہے، وزیراعظم کا یہ اقدام مسلم امہ کے وسیع ترمفاد میں ہے۔
وزیراعظم نوازشریف اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف ایران اورسعودی عرب کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کا مشترکہ دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان آیت اللہ شیخ نمر باقر النمر کا سر قلم کئے جانے کے بعد تعلقات انتہائی کشیدہ ہو گئے ہیں۔ موجودہ صورت حال میں ایک ماہ کے دوران پاکستان کی حمایت حاصل کرنے کےلیے سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان اور وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر الگ الگ دورہ کرچکے ہیں۔