الوقت کی رپورٹ کے مطابق پیر کو شام کے شہر حسکہ میں ایک اور بم دھماکے کے نتیجے میں سولہ افراد جاں بحق اور اڑتالیس زخمی ہو گئے اور اس طرح پیر کو حسکہ میں ہونے والے دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد سترہ تک پہنچ گئی ہے جبکہ ستر زخمی ہوئے ہیں- کچھ گھنٹے قبل حشام کے علاقے میں بھی ایک کار بم دھماکا ہوا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق اور بائیس زخمی ہو گئے تھے-
شام کے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کی حالیہ کامیابیوں کے بعد دہشت گردوں نے عام شہریوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں- دوسری جانب شام کی رضاکار فورس نے درعا اور حمص صوبوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور ان کی ایک بڑی تعداد کو ہلاک کر دیا- دہشت گرد گروہوں نے، علاقے میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی حمایت سے مارچ دو ہزار گیارہ سے اب تک شام کے بعض علاقوں میں بدامنی پھیلا رکھی ہے اور عوام کا قتل عام اور بدامنی پیدا کر کے بشار اسد کی حکومت کا تختہ الٹنے اور مزاحمت و استقامت کے محور کو کمزور کرنے کی زمین ہموار کرنا چاہتے ہیں لیکن ابھی تک وہ اپنے مقصد میں ناکام رہے ہیں -