الوقت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی وامور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت میںنریندرمودی جب سے اقتدار میں آئے ہیں، سمجھ رہے ہیں کہ بھارت خطے کی سپرپاور ہے، ہم ایٹمی طاقت ہیں اور اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
اپنے ایک انٹرویو میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ اوفا اعلامیے پر عمل درآمد نہ ہونے سے مذاکرات نہیں ہوئے، سمجھوتے کے وقت بھارت نے کشمیر کا لفظ نہ لکھنے کا کہاتھا۔
سرتاج عزیز نے مذاکرات کے لیے پاکستانی اینجنڈے کو اوفا سمجھوتے کے عین مطابق قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی پر مذاکرات سے انحراف نہیں کیا تاہم جب بھارت سے دہشت گردی پر بات ہوسکتی ہے تو دوسرے مسئلے پر بات کیوں نہیں ہوسکتی؟
انہوں نے کہا کہ کشمیر اگر مسئلہ نہیں ہے تو بھارت کی سات لاکھ فوج وہاں کیا کررہی ہے؟ بھارت کے زیر کنٹرول کمشیر میں ریفرنڈم کروایا جائے تو عوام فیصلہ دے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا تسلیم کرتی ہے کہ کشمیر دونوں ایٹمی ملکوں کے درمیان اہم مسئلہ ہے جبکہ اس کا حل نکالنا شملہ معاہدے میں شامل ہے۔