الوقت كي رپورٹ كے مطابق اسكردو ميں آج بلدياتي انتخابات كے سلسلے ميں جلسے سے خطاب كرتے ہوئے عمران خان كا كہنا تھا كہ بے نظيرانكم سپورٹ پروگرام كے كارڈ سے لوگوں كے ضمير خريدنے كي كوشش كي جارہي ہے ليكن عوام سے اپيل ہے كہ وہ بے نظير كارڈ ضرور ليں ليكن غلط لوگوں كو ووٹ دے كر اپنا نقصان نہ كريں بلكہ سچ اور حق كے لئے كھڑے ہوتے ہوئے نظريئے كو ووٹ ديں۔ انہوں نے كہا كہ پاك چين اقتصادي راہداري سے خيبرپختونخوا كو بہت فائدہ ہوگا، آنے والے دنوں ميں گلگت بلتستان كے حالات بدلنے والے ہيں اور خيبر پختونخوا ميں بلدياتي اليكشن سے انقلاب آئے گا اور مجھے پورا يقين ہے اسي سال انتخابات ہوں گے۔ عمران خان نے كہا كہ خادم اعلي پنجاب شہباز شريف پوليس كے ذريعے لوگوں كي جانيں ليتے ہيں۔ انہوں نے كہا كہ خيبرپختونخوا ميں ڈيم بنانے اور سڑكوں كے نظام ميں بہتري كے لئے كام كريں گے اور پشاور كي طرح گلت بلتستان ميں بھي شوكت خانم اسپتال بنائيں گے۔