الوقت کی رپورٹ کے مطابق کل پاکستان کے شمالی علاقہ جات گلگت، بلتستان میں پیش آنے والے سانحہ نلتر کے افسوسناک واقعہ کی یاد میں پاکستان بھر میں یوم سوگ منایا جارہا ہے جب کہ اس موقع پر پارلیمنٹ اور وزیراعظم ہاؤس سمیت تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہیں۔
واضح رہے کہ کل گلگت میں پاکستان آرمی کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے وقت ٹیکنیکل خرابی کے باعث ایک عمارت سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں پاکستانی فوج کے 3 افسران اور فلپائن اور ناروے کے سفیروں سمیت انڈونیشیا اور ملائشیا کے سفیروں کی بیگمات بھی ہلاک ہو گئی تھی۔ واقعہ پر وزیراعظم نواز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا۔
درایں اثناء نلتر حادثے میں جاں بحق ہونیوالے پائلٹس میجر التمش ، میجر فیصل اور ٹیکنیشن نائب صوبیدار ذاکرعلی کی نور خان ایئربیس پر نماز جنازہ ادا کر دی گئی جبکہ حادثے میں زخمی ہونیوالے 9 افراد کو بھی اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے ملائیشیا اور ناروے کے وزرااعظم سے ٹیلی فون پر اظہار افسوس کیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے غیر ملکی سفیروں سمیت 9 افراد کو سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے راولپنڈی کے نور خان ائیربیس پہنچا دیا گیا ہے جہاں سے انہیں ایمبولینس کے ذریعے سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ۔ چاروں سفارتکاروں کی میتیں ان کے ملکوں میں بھجوانے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور غیرملکی سفیروں کی میتیوں کے ساتھ وفاقی وزرا بھی جائیں گے جوکہ وزیر اعظم کی نمائندگی کریں گے۔