الوقت - امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کے ارکان اور وزارت خارجہ نے شام پر میزائل حملہ کرنے کے صدر ٹرمپ کے فیصلے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
امریکہ کے ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ قومی سلامتی کونسل کے کئی ارکان اور وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ انہیں اس بات کی اطلاع نہیں تھی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام پر میزائل حملہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے جمعرات کی شام، شام کے صوبے حمص کی شعيرات ہوائی چھاؤنی پر 70 ٹام ہاک میزائل فائر کئے۔ یہ حملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور امریکی کانگریس کی اجازت کے بغیر کیا گیا ہے۔
اس میزائل حملے کے لئے بحیرہ روم میں تعینات امریکی جنگی بیڑوں کو استعمال کیا گیا اور ان کے ذریعے سے یہ میزائل فائر کئے گئے۔ امریکہ نے اس حملے کے لئے خان شیخون نامی علاقے پر کیمیائی حملے کو بہانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ یہ کیمیائی حملہ شام کے صدر بشار اسد کے حکم پر کیا گیا تھا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب شام نے ہر قسم کے کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔