الوقت - عراقی پولیس کے ایک ذریعے نے بغداد کے مغربی اور جنوبی بغداد میں ہونے والے دو دھماکوں میں 9 افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عراقی ذریعے نے بتایا کہ جمعرات کو مغربی بغداد کے حصوۃ ابو غریب علاقے کے بازار کے قریب کار بم کا دھماکہ ہوا جس میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
اس ذریعے نے بتایا کہ جنوبی بغداد کے المدائن علاقے میں سڑک کے کنارے نصب بم کے دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔
عراق کے سیکورٹی حکام اور سیاستدانوں کا کہنا ہے کہ میدان جنگ میں فوج کے ہاتھوں شدید شکست کے بعد دہشت گرد گروہ داعش فوج اور عوام کے حوصلے پست کرنے کے لئے عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
در ایں اثنا صوبے نینوا کی آزادی کی مہم کے کمانڈر عبد الامیر رشید ياراللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ شدید جھڑپوں کے بعد فوج نے مغربی موصل کے يرموک ثانی نامی محلے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
عراق کی وار میڈیا یونٹ نے بھی کہا ہے کہ ایئر فورس نے مغربی موصل کے 17 تموز علاقے میں عقاب الخلافت نامی داعش کی چھاؤنی کو نشانہ بنا کر اسے پوری طرح تباہ کر دیا۔ فوج کی اس کارروائی میں درجنوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔