الوقت - شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوب میں واقع يرموک کیمپ میں داعش اور النصرہ فرنٹ کے دہشت گردوں میں درمیان شدید جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق دمشق کے جنوب میں يرموک کیمپ میں داعش اور النصرہ فرنٹ کے دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپوں کے نتیجے میں اس علاقے سے باہر نکلنے کی واحد گزرگاہ العروبہ بند کر دی گئی ہے۔
ان دہشت گرد گروہوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں ایک شامی شہری زخمی ہو گیا جسے يلدا میں واقع ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔
شام میں جاری جنگ کی وجہ سے دمشق کے مضافات میں واقع يرموک کیمپ میں فلسطینیوں اور شامی پناہ گزینوں کو بھاری قیمت چکانی پڑ رہی ہے۔
واضح رہے کہ يرموک کیمپ، پہلی اپریل 2015 سے داعش اور النصرہ فرنٹ کے درمیان جھڑپوں کا میدان بنا ہوا ہے۔