الوقت - پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ایک درگاہ پر ایک ہی خاندان کے چھ افراد سمیت 20 افراد کو چاقو اور ڈنڈوں سے مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
ابھی تک یہ پتا نہیں چل سکا کہ ان افراد کو کیوں ہلاک کیا گیا۔ متعدد حکام نے واقعہ کے مختلف اسباب بیان کئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ کے مطابق واقعہ کل رات بارہ بجے کے وقت لاہور سے تقریبا 200 کلومیٹر دور سرگودھا ضلع کے چک -95 گاؤں میں محمد علی گجر کی درگاہ میں پیش آیا۔ چٹھہ نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ درگاہ کی نگرانی کرنے والوں نے زائرین اور عقید مندوں کو پہلے کوئی نشہ آور دوا دی اور پھر وار کیا اور ڈنڈے سے مارا پیٹا جس سے ان کی موت ہو گئی۔
انہوں نے کہا ہم نے درگاہ کی نگرانی کرنے والوں وحید اور یوسف سمیت پانچ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ چار زخمی افراد کو اسپتال بھیجا گیا ہے جہاں ان کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب سینئر پولیس افسر بلال افتخار کے مطابق ایک زخمی شخص نے بتایا کہ درگاہ کے قبضے کو لے کر متولیوں کے دو گروہ میں تصادم ہو گیا۔ پولیس افسر نے کہا کہ اس واقعہ میں ایک ہی خاندان کے چھ ارکان سمیت دونوں گروہوں کے 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
افتخار نے کہا، ہم نے اس واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ واقعہ کے فورا بعد درگاہ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی اور نواحی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔