الوقت - ایران نے ہندوستان اور پاکستان کے ساتھ اپنے خصوصی تعلقات کے پیش نظر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے۔
پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ ایران علاقے میں امن و استحکام کے لئے ہندوستان - ہندوستان کشیدگی کم کرکے مسئلہ کشمیر کے حل میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔
اے پی پی سے انٹرویو میں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت نے علاقے میں امن کے لئے ہر طرح کے تعاون کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی سفیر نے واضح الفاظ میں کہا کہ ثالثی کے بارے میں ابھی تک پاکستان یا ہندوستان کی جانب سے ان سے باضابطہ درخواست نہیں کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران علاقے کا ایک اہم اور بڑا ملک ہے جو دونوں ممالک میں تعلقات کو بہتر کرنے کے لئے ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہے۔
پاکستان میں ایرانی سفیر نے کہا کہ ہندوستان - پاکستان کشیدگی نہ صرف دونوں ممالک کے لئے نقصان دہ ہے بلکہ اس سے علاقے کے دوسرے ممالک کی معیشت پر بھی غلط اثرات مرتب ہوں گے، علاقے میں امن اور استحکام کی بحالی کے لئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات ہوں۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے، یہ کسی خاص علاقے یا ملک تک محدود نہیں ہے اور دہشت گردی دنیا کی بڑی طاقتوں کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
مہدی ہنر دوست کا کہنا تھا کہ اگر دہشت گردی کا جائزہ لیا جائے تو ہم کو پتہ چلے گا کہ ایک طرف دنیا کی بڑی طاقتیں دہشت گردی سے متاثر ملک میں دہشت گرد عناصر کی مدد کر رہی ہیں تو دوسری طرف وہ ان کے خلاف جنگ بھی کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی متضاد نظریات کا نتیجہ ہی اچھے اور برے دہشت گرد کے طور پر نکلتا ہے۔