الوقت - ایران کی وزارت خارجہ نے امریکہ کی پندرہ کمپنیوں پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے جو اسرائیل اور دہشت گردوں کے ساتھ تعاون کرتی ہیں۔
وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے حکم کے مطابق ایران ان تمام امریکی كپنيوں پر پابندی عائد کرتا ہے جو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی میں شدید ملوث ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تمام 15 کمپنیاں مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کے جرائم میں یا تو شامل رہی ہیں یا پھر اس کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں اور سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2334 کی خلاف ورزی کی ہے۔
یاد رہے کہ سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2334 میں مقبوضہ فلسطین میں کالونیوں کی تعمیرات پر پابندی عائد کی گئی ہے لیکن اسرائیل کالونیوں میں توسیع کر رہا ہے۔
ایران کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کے مطابق ان 15 امریکی کمپنیوں سے ہر قسم کا تعلق غیر قانونی اور ان کمپنیوں کے اثاثے ایران کے قبضے میں ہونے کی صورت میں ضبط کر لئے جائیں گے۔
اسی طرح ان کمپنیوں میں کسی بھی قسم کی ذمہ داری یا عہدہ رکھنے والوں کے لئے ایران کا ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ امریکی كپنيوں اور اداروں پر نظر رکھ رہا ہے اور ایران جس امریکی كمپنی کو علاقے میں دہشت گردی کو فروغ دینے یا اسرائیل کے ساتھ تعاون میں ملوث پائے گا اس پر پابندی لگا دے گا۔