الوقت - امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق شکر کھانے کی عادت صرف جسمانی وزن کے مسائل کے ساتھ ساتھ متعدد طبی مشکلات کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ در اصل شکر کا بہت زیادہ استعمال، متعدد امراض کی علامت ہے جو زندگی میں کسی وقت آپ کو اپنا نشانہ بناسکتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر کھانے میں شکر کی مقدار زیادہ ہو تو یہ جسم میں جانے کے بعد انتڑیوں میں جذب ہوتی ہے جہاں سے یہ جگر کی جانب سفر کرتی ہے۔
درحقیقت جگر جسم کا واحد عضو ہے جو اس شکر کو مختلف کاموں کے لیے استعمال کرسکتا ہے۔ جب شکر کی مقدار بہت زیادہ ہو تو جگر کی اسے استعمال کرنے کی گنجائش ختم ہونے لگتی ہے جس کے بعد اس کے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں رہتا کہ اس اضافی جز کو جگر کی چربی میں بدل دے۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ جب جگر شکر کو چربی میں بدلتا ہے تو یہ اس بات کا اشارہ ہوتا ہے کہ انسولین کی مزاحمت کا عارضہ لاحق ہوچکا ہے۔
یہ عارضہ آگے بڑھ کر میٹابولک سینڈروم امراض جیسے ذیابیطس، بلڈ پریشر، لبلبے کے مسائل، خون کی شریانوں میں پیچیدگیاں، کینسر، دماغی تنزلی اور امراض قلب وغیرہ میں بھی بدل سکتا ہے۔