الوقت - عراق کی مشترکہ فوجوں نے موصل شہر کے مغربی علاقوں میں اپنی پیشرفت جاری رکھتے ہوئے منگل کو چار غیر ملکیوں سمیت 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، مغربی موصل میں فوج کی پیشرفت جاری ہے اور فوج مغربی موصل میں مسجد النور اور منارۃ الحدبا نیز دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے قریب پہنچنے والی ہے۔
اس رپورٹ میں بتایا ہے کہ عراقی فوج موصل میں داعش کا مظہر سمجھی جانے والی مسجد النور اور دیگر اسٹرٹیجک علاقوں پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
در ایں اثنا العراقيہ ٹی وی چینل نے رپورٹ دی ہے کہ عراق کے جنگی طیاروں نے مغربی موصل کے الصحۃ محلے کی ایک سرنگ کے پاس داعش کی ایک کار بم کو تباہ کر دیا۔ یہ کار بم سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لئے رکھی گئی تھی۔
عراق کے شمالی صوبے نینوا کے موصل شہر کی آزادی کا آپریشن 17 اکتوبر 2016 سے وزیر اعظم حیدر العبادی کے حکم سے شروع ہوا ہے اور فوج نے اس مہم کے دوران مشرقی موصل کو دہشت گردوں کے کنٹرول سے آزاد کرا لیا ہے۔