الوقت - شام کی فوج نے شمالی دمشق کے حی الجوبر علاقے میں النصرہ فرنٹ کے دہشت گردوں کے ساتھ شدید جھڑپوں میں درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، دہشت گرد گروہ النصرہ فرنٹ نے حی الجوبر علاقے کے شمال میں واقع المعامل علاقے میں واقع بجلی کمپنی پر حملہ کیا جس کے بعد فوج اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں۔
شام کی فوج نے اسی طرح المغازل علاقے پر دہشت گردوں کے کنٹرول کی کوشش ناکام بنا دی ۔ اس کارروائی میں بھی دسیوں دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔
شام کی فوج نے مشرقی دمشق میں واقع العباسیین اسکوائر پر دہشت گردوں کے حملے کو وقت رہتے ناکام بنا دیا۔ دہشت گرد گروہوں نے دمشق پر کنٹرول کے لئے یہ حملے کئے تھے۔ اسپوتنک خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شامی حکومت کے کنٹرول والے دمشق کے حساس اور تاریخی علاقے العباسيين اسکوائر پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد فوج اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔
شام کی فوج کے جنگی طیاروں اور توپخانوں نے اسی طرح دمشق کے مضافاتی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور اڈوں کو نشانہ بنایا۔ شام کی فوج نے جوبر کے علاقے میں دہشت گردوں کو اپنے محاصرے میں لے لیا ہے اور چند گھنٹے کے بعد اس علاقے کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کر دے گی۔
در ایں اثنا شام کی فوج کے جنگی طیاروں نے جوبر اور مشرقی غوطہ کے عین تروما، اربين، حرزما اور زملكا علاقوں پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شدید حملے کئے۔ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے رپورٹ دی ہے کہ جنگی طیاروں نے اسی طرح ريف دمشق کے القابون اور معامل علاقوں میں دہشت گردوں پر شدید بمباری کی جس میں ان کی متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
شام کی فوج نے اسی طرح قابون علاقے میں دہشت گردوں کی سپلائی لائن پر بمباری کی جس میں دسیوں دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ شام کی فوج نے اس کارروائی میں درجنوں دہشت گردوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔