الوقت - افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں امریکی ڈرون کے حملے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق، یہ ڈرون حملہ پاکستان- افغانستان سرحد کے قریب صوبہ پکتیکا کے ناڑ علاقے میں ایک کار کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔ یہ علاقہ پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان کے قریب واقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں تحریک طالبان پاکستان کے دو کمانڈر ہلاک ہوگئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملے میں تحریک طالبان پاکستان ٹی ٹی پی کے دو مقامی کمانڈر ہارون شوخیل وزیر اور عظمت محسود ہلاک ہوگئے۔ مارے گئے دونوں کمانڈر ٹی ٹی پی کے اختر محمود گروپ سے وابستہ تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ ڈرون حملہ 17 مارچ بروز جمعہ شام چار بجے کے قریب کیا گیا۔ مارے گئے دونوں کمانڈر کی نماز جنازہ پاک – افغان سرحد کے قریب لامان علاقے میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔
اس سے پہلے 2 فروری کو بھی امریکی ڈرون نے حملہ کیا تھا جس میں طالبان کمانڈر سمیت 5 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یہ حملہ افغان صوبے خوست کے علاقے علی شیر میں ہوا تھا جہاں امریکی درون نے ایک گاڑی پر دو میزائل فائر کئے تھے۔ حملے میں حملے میں افغان طالبان کمانڈر ملا اختر رسول سمیت 5 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان میں امریکی ڈرون مسلسل حملے کرتے رہتے ہیں۔ امریکا کا دعوی ہے کہ ان حملوں میں طالبان اور القاعدہ کو نشانہ بنایا جاتا ہے جبکہ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے زیادہ تر عام شہری ہوتے ہیں۔