الوقت - ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں عسکریت پسندوں اور ہندوستانی سکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم میں 3 عسکریت پسند ہلاک ہوئے جبکہ تصادم کے درمیان ایک 6 سالہ بچی بھی ہلاک ہوگئی ۔
اس بچی کی ہلاکت پر مقامی لوگوں میں کافی غم وغصہ ہے اور انہوں نے اس قتل کے خلاف شدید مظاہرہ کیا ہے۔ بدھ کو موصولہ رپورٹ کے مطابق، پولیس اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فوج اور پولیس کی خصوصی یونٹ نے اطلاع ملنے کے فورا بعد سرحدی ضلع كپواڑہ کے ملحمہ نامی دیہات کا محاصرہ کیا اور سرچ آپریشن شروع کیا، جس کے درمیان عسکریت پسندوں نے ان کے مطابق، سیکورٹی فورسز کی طرف اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کی وجہ سے اسپیشل آپریشن گروپ کا ایک اہلکار شدید زخمی ہوا۔ سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی۔ اس طرح ایک شدید تصادم شروع ہوا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا۔
پولیس اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس تصادم میں 3 عسکریت پسند ہلاک ہوئے جو غیر ملکی تھے۔ پولیس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہوئے عسکریت پسندوں کے پاس سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوئے ہیں جبکہ تصادم میں ایک 6 سال کی بچی بھی ہلاک ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کا الزام ہے کہ سیکورٹی فورسز نے تصادم کے درمیان لوگوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔ سیکورٹی فورسز نے اس کی تردید کی ہے۔