الوقت - شام کے رقہ اور دیرالزور نامی شہروں پر امریکہ کی قیادت والے نام نہاد اتحاد کے جنگی طیاروں نے شدید بمباری کرکے کم از کم 28 عام شہریوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق ہفتے کو امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے شام کے رقہ شہر کے مضافاتی گاؤں حمراء بلا اسم پر بمباری کر دی جس میں کم از کم 4 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ اسی طرح مشرقی رقہ میں واقع المرعيد نامی ایک اسکول پر 4 بار امریکی اتحاد کے طیاروں نے بمباری کی، جس کی وجہ سے مکمل اسکول تباہ ہو گیا۔
اس سے پہلے جمعے کی رات کو بھی امریکی اتحاد کے طیاروں نے شہر رقہ پر بمباری کی تھی جس میں 24 عام شہری ہلاک ہو گئے تھے جن میں 8 بچے اور 6 خواتین شامل تھیں۔ بعض ذرائع نے بتایا ہے کہ ان حملوں میں داعش کے بھی 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی اتحاد کے طیاروں نے شام کے شہر دیرالزور کے مضافاتی علاقوں پر بھی بمباری کی ہے۔ اس درمیان شام سے متعلق انسانی حقوق مرکز نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ رقہ اور دیرالزور میں کرد جنگجوؤں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جنگ جاری ہے۔
شام سے ملی خبروں کے مطابق کرد جنگجوؤں نے مطب نامی گاؤں کی جانب برتری حاصل کر لی ہے۔ دوسری طرف شامی فوج کی ایک کارروائی میں صوبہ حماۃ کے شمال میں واقع صبورہ کے علاقے میں دہشت گردوں کے لئے ترکی سے شام آ رہا ہتھیاروں اور گولہ بارود سے بھرا ایک ٹرک پکڑا گیا ہے۔